ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل ناڈو کے وزیر اودے ندھی اسٹالن نے بی جے پی کو قرار دیا زہریلا سانپ

تمل ناڈو کے وزیر اودے ندھی اسٹالن نے بی جے پی کو قرار دیا زہریلا سانپ

Mon, 11 Sep 2023 13:32:43    S.O. News Service

چنئی، 11/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) سناتن دھرم پر مبینہ طور پر سخت ریمارک کرنے اور  اس دھرم کو  مچھر، ڈینگو، ملیریا اور کورونا سے تشبیہ دے کر مبینہ طور پر اسے ختم کرنے کے  بیان  دینے کے بعد اب  تمل ناڈو کے وزیر کھیل ادھیانیدھی اسٹالن نے زعفرانی پارٹی کو ایک زہریلا سانپ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سانپ کو تمل ناڈو سے بھگانے کی ضرورت ہے۔

اتوار کو کڈلور ضلع کے نیویلی میں ڈی ایم کے کے رکن اسمبلی سبھا راجندرن کے ہاں  شادی  کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے، ادھیانیدھی نے بی جے پی کے اتحادی اے آئی اے ڈی ایم کے پر بھی حملہ کیا اور  پارٹی کو "کچرے کے ٹیلے سے جو سانپ کو پناہ دیتا ہے" سے تشبیہ دی۔ انہوں نے کہا کہ صرف سانپ کو بھگانے سے کام نہیں چلے گا، بلکہ پورے کچرے کو بھی صاف کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "سانپ  کو ختم کرنے کی ضرورت تو  ہی لیکن ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ  کوئی کوڑا  بھی جمع نہ ہونے پائے ۔ اس لیے لوگوں کو 2024 میں تمل ناڈو سے بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے کو ہٹانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔" 

سناتن دھرم پر متنازعہ بیان دینے کے بعد  ان کے خلاف جو آوازیں اُٹھ رہی تھیں ، اس سے بے خوف  ادھیانیدھی نے  بی  جے پی  پر الزام لگایا کہ انہوں نے  سناتن دھرم پر جو تبصرہ کیا تھا، بی جے پی اُسے  توڑ مروڑ کر پیش کررہی ہے۔ اودے ندھی اسٹالن نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی  ایک "زہریلے سانپ” کی طرح ہے جو اے آئی اے ڈی ایم کے کی حمایت سے تمل ناڈو میں پھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں گزشتہ 100 سالوں سے سناتن دھرم کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ہم اگلے 200 سالوں تک بھی بولتے رہیں گے۔ اودے ندھی اسٹالن کے مطابق  سناتن پر ان کا تبصرہ نیا  نہیں ہے۔اس سے پہلے بھی  متعدد موقعوں  پر بی آر امبیڈکر، پیریار اور ایم کروناندھی  بھی اس طرح کے تبصرے کرچکے ہیں۔


Share: